دہلی میں عالمی کتاب میلہ ۶ جنوری سے

دہلی و آس پاس

نئی دہلی، ۴ جنوری: چھبیسواں عالمی کتاب میلہ ۶ سے ۱۴ جنوری کے درمیان یہاں پرگتی میدان میں منعقد ہوگا جس میں ملک بھر کے ۸۰۰ ناشرین اور کتب فروشوں کے علاوہ ۴۰ دیگر ممالک بھی حصہ لے رہے ہیں۔ نیشنل بک ٹرسٹ کے زیر اہتمام منعقد اس نو روزہ میلے کا موضوع ماحول اورماحولیاتی تبدیلی ہے۔

این بی ٹی کے چے ئرمین بلدیو بھائی شرما نے آج یہاں ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ اس مرتبہ یوروپی یونین ‘گیسٹ آف آنر’ کے حیثیت سے شریک ہورہی ہے ۔ میلے میں یوروپی یونین کے ۲۷ ملکوں کے ساتھ ہی ایران، میکسیکو، جاپان، نیپال، پاکستان، سری لنکا، متحدہ عرب امارات اور برطانیہ سمیت چالیس ممالک حصہ لیں گے۔ ان کے علاوہ یونیسکو اور کئی دیگر بین الاقوامی ایجنسیاں بھی موجود ہوں گی۔

مسٹر شرما نے بتایا کہ تقریباً پندرہ سو اسٹالوں پر ہندی ،ا ردو، میتھلی، گجراتی، بنگلہ ،مراٹھی سنسکرت اور انگلش سمیت مختلف زبانوں کی کتابوں کی نمائش اور فروخت کا انتظام کیا گیا ہے ۔ میلے کے ٹکٹ پچاس سے زائد میٹرو اسٹیشنوں پر بھی دستیاب ہوں گے۔ اسکول یونیفارم میں آنے والے طلبہ کے لئے داخلہ مفت ہوگا۔

مسٹر شرما نے بتایادکہ یوروپی یونین کے لئے خصوصی پویلین ہوگا۔ جس میں یورپ کی تہذیب و ثقافت اور جدید ترقی کی نمائش لگائی جائے گی اور وہاں کی منتخب کتابیں نمائش کے لئے رکھی جائیں گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ تھیم اسٹال ہال نمبر سات میں ہوگا۔ جس میں تصویری نمائش، پوسٹر وغیرہ کی نمائش کی جائے گی۔

ایک سوال کے جواب میں مسٹر شرما نے بتایا کہ اس سال بھی پاکستان کا اسٹال ہوگا۔ تاہم انہوں نے اس سلسلے میں مزید جانکاری نہیں دی۔ اس دوران این بی ٹی کے ایک ذرائع نے بتایا کہ میلے میں جو پاکستانی ناشر آرہا ہے وہ ہر سال آتا ہے اور ان کا اسٹال بھی یہاں (ہندوستان میں) ایک ڈسٹری بیوٹر سنبھالتا ہے ۔ انہوں نے بتایاکہ این بی ٹی دیگر ملکوں کو میلے میں حصہ لینے کے لئے کوئی خصوصی دعوت نامہ نہیں بھیجتا وہ خود ہی درخواست کرتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان کا چلڈرن پبلی کیشن میلے میں حصہ لے رہا ہے ۔ گذشتہ سال بھی یہی ادارہ میلے میں آیا تھا۔

میلہ کے دوران شرکاءکی دلچسپی کے لئے رقص و موسیقی اور ڈرامے کے مختلف پروگرام بھی منعقد کئے جائیں گے ۔ گیارہ جنوری کوقومی کونسل برائے فروغ زبان اردو کی طرف سے ہنس دھونی تھیٹر میں مشاعرہ منعقد کیا جائے گا۔

دریں اثنا این بی ٹی کے ڈائریکٹر جینتا داس نے بتایا کہ میلے میں اگلے سال سے داخلہ مفت کرنے پرغور کیاجارہا ہے اور اس سلسلے میں کام شروع بھی کردیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ اس سال اسکول یونیفارم میں آنے والے بچوں کے لئے داخلہ مفت ہوگا جب کہ سینئر سٹیزنس کے لئے بھی کوئی داخلہ فیس نہیں ہے ۔اس مرتبہ عام لوگوں کے لئے ٹکٹ کی قیمت تیس روپے اور پندرہ سال سے کم عمر کے بچوں کے لئے بیس روپے رکھی گئی ہے ۔